Wednesday, October 14, 2015

دیار عشق میں اپنا مقام پیدا کر

ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی حاصل کرے۔ اسی طرح ہر انسان کی یہ خواہش بھی ہوتی ہے کہ اسے ناکامی کا سامنا کبھی نہ کرنا پڑے۔ تلخ حقیقت یہ ہے کہ عملی زندگی میں ایسا ہوتا نہیں۔ ہر انسان کو کبھی نہ کبھی کسی نہ کسی اعتبار سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن یہ بھی مشاہدہ ہے کہ لوگ محنت اور عزم سے اپنی تقدیر بھی بدل دیتے ہیں۔ صلاحیتوں سے مالا مال کوئی شخص کامیابی کے حصول میں ناکام ہونے کے بعد مزید کوشش نہیں کرتا تو یہ سب سے زیادہ افسوس ناک بات ہے۔ خودک شی کامیابی کے حصول کی کوشش ترک کر دینے کی سب سے خطرناک صورت ہے۔ یاد رکھیے اس دنیا میں ہم سب کے لیے ایک مقام ہے۔ ہمیں وہ مقام حاصل کرنے سے پہلے کوششیں ترک نہیں کرنا چاہیئں۔ اگر کوئی نوجوان مرد یا عورت اپنی موجودہ آمدنی سے مطمئن ہے اور مزید ترقی کی کوشششیں نہیں کر رہا تو یہ بھی کامیابی کے حصول کی کوششیں ترک کرنا ہی ہوا۔ اسی طرح مصیبتوں سے چھٹکارا پانے کی بجائے اپنے کمرے میں بند ہو کر انہیں قبول کر لینا بھی نہایت الم انگیز عمل ہے۔ کامیابی کے حصول کی کوشش ترک کرنا لوگوں کے ناکام ہونے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ کامیابی کے حصول کی کوشش تَرک کر دینا واحد ”مستقل ناکامی“ ہے۔ جب تک آپ پوری فعالیت کے ساتھ کوششیں کرتے رہتے ہیں، تب تک آپ ناکام نہیں ہوتے۔ ایک نہ ایک دن آپ کامیاب ہو جائیں گے۔ آپ کی حکمتِ عملی غلط ہی کیوں نہ، کوشش کرتے رہیے۔ کوششیں کرتے رہنے سے آپ سیکھتے ہیں۔ کوششیں کرتے رہنے سے آپ کی امیدیں زندہ رہتی ہیں۔ کوشش کرتے رہنا کامیابی حاصل کرنے کا سب سے اہم اصول ہے۔ دنیا کی ایک سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتاب Think and Grow Rich کے مصنف نیپولیئن ہِل (Napoleon Hill) نے اس کتاب کی اشاعت سے بھی پہلے 1953میں اپنے ایک ریڈیو پروگرام Three Causes of Failure میں کہا تھا کہ لوگوں کی ناکامی کی وجوہ صرف تین ہوتی ہیں۔ ان تین میں سے ایک وجہ ہے، ”مشکلیں پیش آنے پر کامیابی کے حصول کی کوشش ترک کر دینا۔“ چناں چہ اگر آپ کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو ناکامیوں کے باوجود کوشش کرتے رہیے۔

No comments:

Post a Comment