ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن نے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
کراچی، ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین خالد مرزا کی جانب سے عائد کیے گئے جرمانے کو چیلنج کرنے کے لیے عدالت عالیہ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ‘ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان(TAAP ) اور تکافل پاکستان کی جانب سے مسافروں کو سفر کے دوران میڈیکل انشورنس کے لیے قیمت فکس کرنے پر دو کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملک میں جاری سودی بینکاری کے مقابلے میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے شریعہ کے مطابق اسلامی پروڈکٹ تکافل پاکستان کے ذریعے مسافروں کو فراہم کرنے کے لیے اقدام اٹھایا تھا لیکن چند عناصر جو ماضی میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کا حصہ رہے ہیں اور اب صرف رکن کی حیثیت سے سودی بینکاری کو پروان چڑھانے چاہتے ہیں انہوں نے شریعہ اصولوں کے مطابق اسلامی انشورنس تکافل اور ٹیپ کے موجودہ عہدیداران کے خلاف سازش کرتے ہوئے مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو استعمال کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق تکافل پاکستان مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین خالد مرزا کی جانب سے جرمانے عائد کرنا سراسر زیادتی پر مبنی ہے کیونکہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کو کیس کی نوعیت کا اندازہ ہی نہیں ہے‘ ذرائع نے بتایا کہ تکافل پاکستان کا پچاس ملین کا پیڈ اپ کیپٹل ہے اور سیکیوریٹی ایکس چینج کمیشن آف پاکستان( SECP ) میں رجسٹرڈ بھی ہے لہذا اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر اتھارٹی باڈیز کو تکافل پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اسلامی انشورنس (تکافل) پروڈکٹ کی چھان بین کرنا چاہیے یہ ذمہ داری ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان پر نہیں ہے کہ وہ مارکیٹ میں متعارف کرائے جانے والی پروڈکٹس کی چھان بین کرے کہ کونسی پروڈکٹس صحیح اور کون سی پروڈکٹ غلط ہے۔
ایسوسی ایشن کے ذرائع نے بتایا کہ مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے فیصلے کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جارہا ہے ‘ذرائع نے کہا کہ تکافل پاکستان اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کو مسافروں کے لیے اسلامی طریقے سے شریعہ کے مطابق ٹریول اور میڈیکل انشورنس فراہم کرنے کی سزا دی جارہی ہے ذرائع کے مطابق مسابقتی کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین خالد مرزا نے جلد بازی کا مظاہر ہ کیا ہے جسکو ایک ہفتے کے اندر چیلنج کرکے انکے فیصلے کو تبدیل کرایا جائیگا ۔
No comments:
Post a Comment