حکومت نے جناح ہسپتال میں زبردستی انشورنس کرانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا
لاہور ( ثناء نیوز ) جناح ہسپتال میں نرسوں و نرسنگ طالبات سے زبردستی انشورنس کرانے کے واقعہ کا حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال کی نرسوں و طالبات نے صوبائی حکومت کو ایک درخواست میں انکشاف کیا تھا کہ گذشتہ دس سالوں سے تعینات نرسنگ سپریٹڈنٹ نصرت صدیقی انشورنس نہ کروانے والی نرسوں کی ڈیوٹی ہر ماہ تبدیل کردیتی ہے جبکہ ان کی ماتحت سسٹر فرزانہ نے بھی کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ ٹی بی وارڈ میں تعینات ایک نرس نے بتایا کہ میڈم نے انشورنس نہ کروانے پر اس کو شٹل کاک بنا رکھا ہے۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال نرسنگ ہوسٹل میں غیر قانونی کینٹین کے انکشاف پر صوبائی حکومت نے انکوائری شروع کروائی تھی جو خفیہ ہاتھوں نے ختم کروادی اور اب پھر نصرت صدیقی جس کے پاس چیف نرسنگ سپریٹنڈنٹ اور پرنسپل نرسنگ سکول کا چارج ہے کو محکمہ صحت میں موجود کرپٹ اہلکار بچانے کیلئے سرگرم عمل ہے ۔ اس حوالے سے جب سیکرٹری صحت پنجاب فواد حسن فواد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایک ہی مقام پر تین سال سے تعینات تمام انتظامی ملازمین کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور آئندہ چند روز میں انہیں ہٹا دیا جائے گا جبکہ کرپشن میں ملوث اہلکاروں کو کسی صورت انتظامی عہدے پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔#
No comments:
Post a Comment