اسٹیٹ لائف نے 2009ء میں 6 ارب 96 کروڑ روپے حاصل کر کے 40 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے
اسٹیٹ لائف، زونز کی تعداد 26 سے بڑھاکر 32 کرنے کا فیصلہ
چیئرمین اسٹیٹ لائف شاہد عزیز صدیقی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن نے ملک بھر میں زونز کی تعداد 26 سے بڑھا کر 32 کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انٹرنیشنل بزنس میں اضافے کیلئے العین اور شارجہ میں بھی دفاتر کھولے جائیں گے ان خیالات کا اظہار چیئرمین اسٹیٹ لائف شاہد عزیز صدیقی نے پیر کو پریس بریفنگ میں کیا۔ اس موقع پر کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ چیئرمین نے بتایا کہ توسیعی پروگرام کے تحت 3 زون کراچی جبکہ ایک نواب شاہ ایک شیخو پورہ اور جھنگ میں کھولا جا رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ مسلح افواج کی انشورنس کر لی گئی ہے۔ ایف سی کے جوانوں کا بھی گروپ انشورنس کر لیا گیا ہے ان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن نے 2009ء میں نئے پریمیم کی مد مں انفرادی بیمہ زندگی کے تحت 6 ارب 96 کروڑ روپے حاصل کر کے 40 فیصد ریکارڈ اضافہ کیا ہے جبکہ اسی مدت کے دوران 5 لاکھ 26 ہزار مزید خاندانوں کو بیمہ زندگی کے ذریعے معاشی تحفظ فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف کو تجدید پریمیم کی مد میں 15 ارب 36 کروڑ روپے حاصل ہوئے جو 2008ء کے مقابلے میں 21.43 فیصد زائد ہے۔ چیئرمین اسٹیٹ لائف شاہد عزیز صدیقی نے مزید بتایا کہ کارپوریشن کا لائف فنڈ ایک سو اٹھانویں ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف کے چاروں ریجنل دفاتر کی کارکردگی بھی مثالی رہی اور سینٹرل ریجن نے 2 ارب 51 کروڑ روپے کا نیا پریمیم جمع کر کے اول جبکہ ملتان ریجن ایک ارب 72 کروڑ روپے، ناردرن ریجن ایک ارب 45 کروڑ روپے اور سدرن ریجن ایک ارب 27 کروڑ روپے سے زائد پریمیم جمع کر کے بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ اسی مدت کے دوران کارپوریشن کی دوسرے اور تیسرے سال کے استحکام کاروبار کی شرح تناسب بالترتیب 84.51 اور 88.22 فیصد رہی۔ چیئرمین شاہد عزیز صدیقی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کارپوریشن بیمہ زندگی کے نئے منصوبوں کے اجراء پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ عوام الناس کو چھوٹی چھوٹی بچتوں کے ذریعے معاشی تحفظ مل سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف مستحکم ترین قومی ادارہ ہے اور ملکی تعمیر و ترقی میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے جس کا ثبوت پا کرا کی جانب سے ملنے والی ٹرپل اے ریٹنگ بھی ہے انہوں نے بتایا کہ اسٹیٹ لائف حکومت پاکستان کی ان کوششوں میں شانہ بشانہ ہے جس میں عوام الناس کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیمہ داروں کی شکایت کے ازالے کیلئے مربوط نظام وضع کیا گیا ہے۔ چیئرمین اسٹیٹ لائف نے کہا کہ گلف زون کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے اور 2009ء کے دوران کارپوریشن نے مشرق وسطیٰ میں مقیم دو ہزار سے زائد مزید پاکستانیوں کو بیمہ زندگی کا تحفظ فراہم کر کے تقریباً 32 لاکھ یو ایس ڈالر کا نیا پریمیم حاصل ہوا جس کی شرح اضافہ 10.42 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

No comments:
Post a Comment