Tuesday, June 8, 2010

ورلڈ کپ فٹ بال کا 9 ارب ڈالر میں انشورنس کرالیاگیا

لندن. ورلڈکپ فٹ بال 2010 کا آغاز ہونے جا رہا ہے جو ایک مہینے تک جاری رہے گا۔ اس بڑے اور طویل ایونٹ کے لیے اعلیٰ پیمانے پر انشورنس پالیسیاں بھی اپنائی جا رہی ہیں۔ عالمی کپ کے لیے مجموعی طور پر 6.2 ارب پاؤنڈکی انشورنس کرائی گئی ہے جو تقریباً 9 ارب ڈالرکے لگ بھگ ہے۔ فٹ بال گورننگ باڈی فیفا، ملکی ٹیمیں، براڈکاسٹرز اور ایونٹ میں شامل دیگر فرمز نے انشورنس پالیسیاں لے لی ہیں۔ اسٹیڈیم اور ٹریننگ وینیوز کی 4.62 ملین ڈالرزکی انشورنس کرائی گئی ہے۔کسی اہم کھلاڑی کی ایونٹ میں معذوری کی صورت میں انشورنس 57.75 ملین ڈالرز رکھی گئی ہے۔ آرگنائزر نے ورلڈکپ کی منسوخی کے حوالے سے کوئی پالیسی نہیں لی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسا ممکن نہیں کہ ایونٹ مکمل طور پر منسوخ ہوجائے البتہ وقتی طور پر معطل ہونا علیحدہ بات ہے۔ فٹبال ورلڈکپ کی تاریخ میں صرف ایک مرتبہ ایسا ہوا ہے جب دوسری عالمی جنگ چھڑ جانے کے بعد ایونٹ کو منسوخ کردیا گیا تھا۔ فٹبال کو دنیا کا مقبول ترین کھیل ہونے کی حیثیت سے اسپانسرز اور پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہوتی۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کمپنیوں کی دلچسپی اس کھیل میں خاص طور پر ورلڈکپ جیسے بڑے ایونٹ میں بڑھتی چلی گئی۔ اس سلسلے میں ہر ٹیم کوکوئی بڑی کمپنی اسپانسرکرتی ہے، ساتھ ہی براڈکاسٹنگ رائٹس حاصل کرنے کے لیے بھی خطیر رقم داؤ پر لگائی جاتی ہے۔ ایسے میں ایونٹ میں بد نظمی سے کروڑوں روپے کا نقصان ہوسکتا ہے۔ اس نقصان سے بچنے کے لیے آرگنائزرز نے انشورنس پالیسی لے رکھی ہے۔

No comments:

Post a Comment