دھوکہ دہی کے ذریعے مسافروں سے انشورنس رقم کی وصولی
تکافل پاکستان اور ٹریول ایجنٹس پر 15 کروڑ روپے جرمانہ
مسابقتی کمیشن پاکستان (سی سی پی) نے دھوکہ دہی کے ذریعے مسافروں سے انشورنس کی رقم وصول کرنے پر تکافل پاکستان لمیٹڈ اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان پر 5کروڑ کے جرمانے عائد کردیئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسابقتی کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ تکافل پاکستان اور ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان نے اپنی حیثیت کا ناجائز فائدہ اٹھایا۔ دونوں نے ممنوعہ نوعیت کے معاہدے اور دھوکہ دہی پر مبنی مارکیٹنگ جیسے جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ واضح رہے کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے ایک گروپ نے تکافل پاکستان کے ساتھ معاہدہ کر کے مسافروں سے سفری بیمہ کے نام سے رقم وصولی شروع کردی۔ اس سلسلے میں مسافروں کو سفری بیمہ لینے یا نہ لینے کا اختیار نہیں دیا گیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کچھ عرصہ قبل ٹریول ایجنٹس کو باقاعدہ ایک خط کے ذریعے نوٹس دیا اور معاہدے کی تفصیل اپنے دفاتر میں نمایاں جگہ پر شائع کرنے کیلئے کہا تاکہ مسافر اگر مرضی سے سفری بیمہ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو کرلیں مگر کوئی یہ حاصل نہیں کرنا چاہتا تو اس سے رقم وصول نہ کی جائے۔ مگر معاہدے میں شامل ٹریول ایجنٹس نے اس پر عمل نہیں کیا اور ہر مسافر سے بغیر اسے مطلع کئے سفری بیمہ کی رقم وصول کرنا شروع کردی جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے مسابقتی کمیشن سے رجوع کیا۔ اس ریفرنس پر سی سی پی نے فیصلہ سنایا ہے۔ فیصلے کے تحت ٹریول انشورنس کو ڈیفالٹ انشورنس گارنٹی سے منسلک کرنے پر تکافل پاکستان کو 2کروڑ روپے، سفری اور صحت بیمہ کے نرخ باہمی معاہدے کے ذریعے مقرر کرنے پر تکافل اور ایسوسی ایشن کو ایک ایک کروڑ روپے نیز مسافروں سے دھوکہ دہی پر ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کو ایک کروڑ کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ فیصلے میں حکم دیا گیا ہے کہ تکافل پاکستان ٹریول ایجنٹوں کے ذریعے مسافروں سے سفری بیمہ کی مد میں پریمیئم کی وصولی فوری بند کرے۔ تاہم ڈیفالٹ انشورنس گارنٹی کی وصولی اس شرح پر جاری رکھی جا سکتی ہے۔ فیصلے پر عمل نہ کرنے کی صورت میں 2لاکھ اضافی جرمانہ عائد ہوگا۔ ٹریول ایجنٹس کے ایک گروپ نے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن پر قابض گروپ ذاتی مفادات کیلئے انڈسٹری کو تباہ کر رہا ہے۔ ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہے کہ ایسوسی ایشن کے تمام ارکان اس جرم میں شریک نہیں ہیں، یہ ایک مخصوص گروپ ہے جو کہ عوام سے لوٹ مار کا مرتکب ہوا ہے، مسابقتی کمیشن کا فیصلہ قابل تحسین ہے۔
No comments:
Post a Comment